Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۳ Asia/Tehran
  • ایٹمی مذاکرات کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہیں: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی مذاکرات کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہیں-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو الجزائر کے دارالحکومت الجزیرہ میں اس ملک کے وزیراعظم عبدالمالک سلال سے ملاقات میں تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے حل نے، علاقے میں سفارت کاری کے لئے مناسب موقع فراہم کیا ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی مذاکرات سے ثابت ہو گیا کہ خود مختار اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ دھمکی آمیز زبان استعمال نہیں کی جا سکتی بلکہ ان سے عزت و احترام کی زبان میں بات کرنا چاہئے-

جواد ظریف نے ان ملکوں کے ساتھ گفتگو کو اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم سفارتی کوشش بتایا اور کہا کہ علاقے کے مسائل کے بارے میں متعلقہ ممالک کے درمیان گفتگو ہونا چاہئے- ایران کے وزیر خارجہ نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ کو ایران کے لئے اہمیت کا حامل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ایران اور الجزائر کے اقتصادی کمیشن، تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اچھے قدم اٹھائیں گے-

اس ملاقات میں الجزائر کے وزیراعظم عبدالمالک سلال نے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے اچھے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر، ایٹمی سمجھوتے سے پیدا ہونے والے نئے ماحول میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے بڑے قدم اٹھانے کا پختہ عزم کر چکا ہے-

عبدالمالک سلال نے مزید کہا کہ علاقے کے تمام ممالک کو چاہئے کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے ہوشیاری اور تدبیر سے کام لیں- الجزائر کے وزیراعظم نے علاقائی اور باہمی تعاون کے میدانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، ایران اور الجزائر کے درمیان نئے اقتصادی شعبوں کو فعال کرنے کی خواہش ظاہر کی-

ٹیگس