Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکی صدر بارک اوباما خوشگوار موڈ میں(فائل فوٹو)
    امریکی صدر بارک اوباما خوشگوار موڈ میں(فائل فوٹو)

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے حق میں ووٹ دینے پر ارکان سینٹ کا شکریہ ادا کیا ہے-

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق صدر بارک اوباما نے جمعے کو امریکی سینٹ میں ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر ووٹنگ کے بعد، اسے سفارتکاری کی کامیابی قرار دیا-امریکی صدر نے ارکان سینٹ کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری امید تھی کے ارکان سینٹ میرٹ کے حق میں ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ اس معاہدے پر عملدرآمد اور اس کی شفافیت پر مرکوز ہونی چاہئے- اس رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹ میں ڈیموکریٹس کے لیڈر ہیری ریڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ سینٹ کے اراکین نے اپنے ووٹوں کے ذریعے ایٹمی معاہدے کو ایک تاریخی معاہدے میں تبدل کردیا ہے- واضح رہے کہ ری پبلکنز نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو مسترد کرنے کیلئے ایک قرارداد بھجوائی تھی تاہم سینیٹ کے ایک سو ارکان میں سے صرف اٹھاون نے ایران سے ایٹمی معاہدے کو مسترد کئے جانے کے حق میں ووٹ دیئے جبکہ اس قرارداد کو آگے بڑھانے کے لئے کم سے کم ساٹھ ووٹ درکار تھے۔ بیالیس ارکان نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ مسترد کئے جانے کی قررار داد کی مخالفت میں ووٹ ڈالے۔ اور یوں ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو مسترد کئے جانے کی کوشش ناکام ہوگئی حالانکہ اس کے لئے صیہونی لابی نے مہینوں مہم چلائی اور لاکھوں ڈالر پانی کی طرح بہائے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں گے گروپ پانچ جمع ایک نے ویانا میں جامع مشترکہ ایکشن پلان کے نام سے ایٹمی اتفاق رائے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت عالمی براداری نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو تسلیم اور تہران کے خلاف عائد تمام ظالمانہ پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس