Jun ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کورونا کی لپیٹ میں، متاثرہ ممالک میں ہندوستان دنیا کا پانچواں ملک

کورونا نے ہندوستان میں تباہی مچادی جس کی وجہ سے ہندوستان متاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق  ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافے کی وجہ سے ہندوستان گذشتہ 48 گھنٹوں میں دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں مقام پرآگیا ہے اورگزشتہ چوبیس گھنٹوں ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 9971کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔جس کے بعد اب ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ 47 ہزار ہوگئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین اور مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ریاست مہاراشٹر میں پائی جاتی ہے۔ اس ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 2739 نئے مریضوں اور 120 نئی اموات کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ریاست مہاراشٹر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 82968 اور مرنے والوں کی تعداد 2969 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے ریاست تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 30152 اور مرنے والوں کی تعداد 251 ہو گئی ہے۔

تیسرا نمبر ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 27654 اور مرنے والوں کی تعداد 7 بتائی گئی ہے۔

چوتھے نمبر پر ریاست گجرات ہے جہاں متاثرین 19592 اور مرنے والوں کی تعداد 1219 ہے۔

ہندوستان کی ریاست راجستھان میں بھی کورورنا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے۔ اس ریاست میں اب تک کورونا سے 10331 افراد متاثر اور 231 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 69 لاکھ 76 ہزار 45 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 2 ہزار 170 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 31 لاکھ 62 ہزار 87 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 53 ہزار 586 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 34 لاکھ 11 ہزار 788 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس