Jul ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ایک دن میں کورونا سے 25 ہزار، متاثر 613 ہلاکتیں

ہندوستان کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

ملک میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 24850 نئے معاملے رپورٹ ہونے کے سبب ہندوستان انفیکشن سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر روس کے بہت قریب پہنچ گیا ہے۔ اس عرصے میں ریکارڈ 613 افراد کی موت ہوئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی آج اتوار کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 24850 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 673165 ہوچکی ہے ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 613 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 19268 ہوگئی ہے ۔

 دریں اثنا انفیکشن سے نجات پانے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14856 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جنہیں ملا کراب تک کل 409083 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر بدستور سب سے زیادہ متاثرہے جہاں کورونا کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 8671 ہوگئی ہے۔

انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر تمل ناڈو میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کے پار ہوگئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 65 افراد کی موت سے مرنے والوں کی تعداد 1450 ہوگئی ہے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ 86 ہزار 560 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 33 ہزار 581 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 44 لاکھ 7 ہزار 922 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 486 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 64 لاکھ 45 ہزار 57 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس