Jul ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری، مزید 23 ہزار افراد مبتلا

ہندوستان میں کووڈ 19 کے بڑھتے قہر کے درمیان کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 42 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 22752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 42 ہزار417 ہو گئی ہے۔ جبکہ کورونا سے مزید 482 افراد کی ہلاکت کے بعد کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہزار 642 تک جا پہونچی تاہم اس دوران 4 لاکھ 56 ہزار831 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر بدستور کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 17 ہزار 121 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی اموات 9250 تک پہونچ چکی ہیں۔

اس وقت ہندوستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 54 ہزار 942 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 46 ہزار 720 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 45 لاکھ 5 ہزار 864 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 155 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 69 لاکھ 2 ہزار 358 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجیے

ٹیگس