Jul ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان، ایک دن میں 25 ہزار کورونا کیسز

ہندوستان کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 24 ہزار 879 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر7 لاکھ 67 ہزار 296 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 487 متاثرہ مریضوں کی ہلاکت سے اس ملک میں جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 129 ہو گئی ہے، تاہم کورونا سے صحت یاب ہونے کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے اور اب تک 4 لاکھ 76 ہزار 378 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 34 ہزار 862 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 58 ہزار 932 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 16 ہزار 196 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 68 ہزار 55 زندگیاں نھی نگل چکا ہے۔

ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 21 لاکھ 70 ہزار 408 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 52 ہزار 112 ہو گئی ہیں۔

ٹیگس