Apr ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے مریضوں اور اموات میں بے تحاشہ اضافہ

ہندوستان میں کورونا کے مریضوں میں ایک دن میں تقریبا ساڑھے تین لاکھ کا ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ اس دوران ڈھائی ہزار سے زائد کورونا کے مریض دم توڑ گئے -

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کی نئی لہر میں روز بروز شدت اور وسعت آتی جارہی ہے۔  ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ چھیالیس ہزار سات سو چھیاسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ۔

اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چھیاسٹھ لاکھ دس ہزار چار سو اکیاسی ہوگئی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے دو ہزار چھے سو چوبیس مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ نواسی ہزار پانچ سو چوالیس ہوگئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد پچیس لاکھ باون ہزار نو سو چالیس ہوگئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں وحشتناک وسعت آنے کے بعد ملک بھر میں ضروری دواؤں اور آکسیجن کی شدید قلت ہوگئی ہے۔

اس دوران دہلی کے گولڈن اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے نتیجے میں جمعے کی رات بیس مریض دم توڑ گئے ۔ اس سے پہلے جمعے کو دہلی کے ہی سرگنگارام اسپتال میں بھی آکسیجن کی کمی سے بیس مریض ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی کے ساتھ دہلی کے سروج اسپتال نے آکسیجن ختم ہوجانے کے باعث مریضوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔

اسپتال نے اعلان کیا ہے کہ تمام بیڈ بھر گئے ہیں اور آکسیجن کی بھی شدید قلت ہے ۔ لگ بھگ یہی صورتحال دارالحکومت دہلی اور ملک کے دیگر اہم شہروں کے اسپتالوں کی بھی ہے۔

ٹیگس