Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۱:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اترپردیش میں ایک پوجا پنڈال میں بھیانک آگ لگنے سے 4 افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے بھدوہی ضلع کے ایک گاؤں میں واقع پوجا پنڈال میں آگ لگنے سے 4 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے ہیں۔  

اطلاعات کے مطابق بھدوہی ضلع کے نرتھوا گاؤں میں اتوار کی رات کو ایک پوجا پنڈال میں بھیانک آگ لگ گئی جس کے بعد کہرام مچ گیا اور لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

سحر نیوز/ہندوستان: بتایا جاتا ہے کہ جنریٹر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا پنڈال جل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جائے وقوعہ سے جان بچا کر بھاگنے والوں  پر ڈال کے جلتے ہوئے پردے اور بلیاں گر رہی تھیں۔ ہلاک ہونے والے 4 افراد میں دو بچے شامل ہیں۔

پچاس زخمیوں میں 33 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جنہیں بی ایچ یو ٹراما سینٹر بھیج دیا گیا۔ باقی افراد کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔  

اطلاعات کے مطابق منتظمین نے پنڈال لگانے کی اجازت نہیں لی تھی لہٰذا پولیس نے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے انتظامی کمیٹی کے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ مقامی انتظامیہ نے اس حادثے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

 

ٹیگس