ہندوستان: دہلی میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے سماجی کارن سونم وانگچک کی حالت بگڑی، وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ
نظام تعلیم میں اصلاحات اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کا احتجاج بدھ کو 12 ویں دن بھی جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق دارالحکومت دہلی کے علاقے جنتر منتر میں نظام تعلیم میں اصلاحات اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی، سی جے پی، کا احتجاج آج بارہویں دن میں داخل ہوگیا۔
اسی احتجاج میں سماجی کارکن سونم وانگچک بھی شامل ہوئے اور انہوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی جو آج چوتھے دن میں داخل ہو گئی۔ آج ان کی حالت بگڑنے کی اطلاعات ہیں، ان کی صحت کے بارے میں طبی اپ ڈیٹس نے خدشات کو بڑھا دیا ہے.
سی جے پی کے مطابق وانگچک کا بلڈ پریشر بھی مسلسل کم ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ طبی ٹیم وقتاً فوقتاً ان کا بلڈ پریشر، آکسیجن لیول، شوگر لیول اور دیگر چیزوں کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران بھوک ہڑتال پر بیٹھے کئی دیگر کارکنوں کی صحت بھی مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے نے کہا کہ بہت سے لوگوں کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے لیکن وہ پرامن طریقے سے اپنے مطالبات پر ڈٹے رہیں گے۔
مظاہرین حکومت سے تحریک کے مطالبات پر فیصلہ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ اسٹیج سے مسلسل تقریریں کی جا رہی ہیں، لوگوں کو تحریک میں شامل ہونے اور حمایت کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے حامی بھی وہاں پہنچ رہے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel