ہندوستان: شدید بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں، آسام میں 82 اور کیرالا میں 8 افراد کی موت
ہندوستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اب تک تقریباً 100 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق آسام، کیرالہ، چھتیس گڑھ اور گجرات میں جاری شدید بارش اور سیلاب سے تقریباً 100 افراد کی موت ہوچکی ہے اور بہت سے لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے شمال مشرقی ریاست آسام میں اب تک 82 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ جنوبی ریاست کیرالہ میں 8 اموات کی تصدیق ہوئی ہے، 8 افراد لاپتہ ہیں اور 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
آسام میں ناگون اور چرائیدیو کے 379 دیہاتوں میں ایک لاکھ 92 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
شدید بارش کے سبب چھتیس گڑھ کے ابوجھماڑ علاقے میں سیلاب آ گیا ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر نارائناپور ضلع میں ہوا ہے، جہاں 50 سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور 2 لڑکیوں کی موت ہو گئی ہے۔
چھتیس گڑھ کے ایک وزیر کیدار کشیپ نے خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کو بتایا کہ "علاقے میں گزشتہ چند دن کے دوران بہت زیادہ بارش ہوئی جو کہ اوسط بارش سے کہیں زیادہ تھی اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے بادل پھٹ گئے ہوں۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel