ہندوستان: ضمنی انتخابات، بی جے پی کو مدھیہ پردیش میں بھی شکست، گجرات میں سیٹ برقرار رکھنے میں کامیاب
ہندوستان کی تین ریاستوں میں ہونے والے ضمنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو دو نشستوں پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ وہ ایک سیٹ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی تین ریاستوں بہار، مدھیہ پردیش اور گجرات میں ہوئے ضمنی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا پیر کو اعلان کردیا گیا۔ نتائج کے مطابق بی جے پی کو بہار کی بانکی پور سیٹ پر زبردست جھٹکا لگا ہے جہاں جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے بی جے پی کے امیدوار نیرج کمار سنہا کو 19324 ووٹوں سے ہرا دیا۔ یہ نشست سنہ 1995 سے بی جے پی کے پاس تھی۔
مدھیہ پردیش کے دتیا اسمبلی حلقے میں بھی بی جے پی کا امیدوار ہار گیا۔ اس سیٹ پر کانگریس کے امیدوار گھنشیام سنگھ کو کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری کو 6 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرا دیا۔ اس نشست پر 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
ادھر گجرات کی مانجل پور اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طرح بی جے پی نے اس سیٹ پر اپنا قبضہ باقی رکھا ہے۔
مانجل پور سیٹ پر بی جے پی امیدوار ستیش گووند بھائی پٹیل نے جیت حاصل کی ہے۔ ستیش گووند بھائی پٹیل نے کانگریس کے ریاستی نائب صدر اور سابق وزیر بھیکھ بھائی راباری کو30,000 ووٹوں سے ہرایا۔
بہار، مدھیہ پردیش اور گجرات ریاستوں میں خالی ہونے والی مذکورہ نشستوں پر گزشتہ 30 جولائی کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel