مرادآباد، تیز رفتار بولیرو نے سڑک کنارے کھیل رہے بچوں کو کچلا، 2 کی موت، 4 شدید زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i458532-مرادآباد_تیز_رفتار_بولیرو_نے_سڑک_کنارے_کھیل_رہے_بچوں_کو_کچلا_2_کی_موت_4_شدید_زخمی
اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک دردناک اور افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک تیز رفتار بولیرو گاڑی نے سڑک کے کنارے کھیل رہے چھ بچوں کو بے دردی سے کچل دیا۔ اس خوفناک حادثے میں دو معصوم بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار دیگر بچے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید افراتفری اور کشیدگی پھیل گئی۔
(last modified 2026-11-04T08:37:41+00:00 )
Nov ۰۴, ۲۰۲۶ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • مرادآباد، تیز رفتار بولیرو نے سڑک کنارے کھیل رہے بچوں کو کچلا، 2 کی موت، 4 شدید زخمی

اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک دردناک اور افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک تیز رفتار بولیرو گاڑی نے سڑک کے کنارے کھیل رہے چھ بچوں کو بے دردی سے کچل دیا۔ اس خوفناک حادثے میں دو معصوم بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار دیگر بچے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید افراتفری اور کشیدگی پھیل گئی۔

سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ مونڈھا پانڈے تھانہ علاقے کے گاؤں مڑھیا بھائپور میں اس وقت پیش آیا جب بچے اپنے گھروں کے باہر سڑک کنارے کھیل رہے تھے۔ اسی اثنا میں کرن پور سے مونڈھا پانڈے کی طرف جانے والی ایک تیز رفتار بولیرو گاڑی نے بچوں کو رونڈ ڈالا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کی زد میں آ کر پکوان فروخت کرنے والا ایک شخص اور اس کی والدہ بھی بری طرح زخمی ہو گئے۔

اس المناک حادثے میں رنویر سنگھ کی بیٹی چترا اور اندل کے بیٹے انش کی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ انتہائی افسوسناک بات یہ ہے کہ حادثے کے روز (منگل کو) معصوم انش کی سالگرہ بھی تھی۔ دوسری جانب اِچھا، مہک اور آیوش سمیت دیگر زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریب کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

عوام کا شدید احتجاج اور 4 گھنٹے تک ڈرائیور یرغمال:

حادثے کے فوری بعد برہم دیہی باشندوں نے سڑک پر جام لگا کر شدید احتجاج کیا۔ مشتعل بھیڑ نے موقع سے بولیرو ڈرائیور کو پکڑ کر اس کی شدید پٹائی کی اور اسے تقریباً 4 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔ گاؤں والے ملزم ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے خود موقع پر سزا دینے کے مطالبے پر اڑے رہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری پولیس نفری موقع پر پہنچی۔ پولیس حکام تقریباً دو گھنٹے تک دیہی باشندوں کو سمجھانے اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن مشتعل بھیڑ کچھ بھی سننے کو تیار نہیں تھی۔ آخر کار رات تقریباً 8:30 بجے پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور ڈرائیور کو بھیڑ کے چنگل سے بحفاظت نکال کر اپنی حراست میں لیا۔

مرادآباد کے ایس پی سٹی کمار رنوے سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 2 بچوں کی موت ہوئی ہے اور 4 بچے زخمی ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے بولیرو گاڑی اور ڈرائیور دونوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel