May ۳۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران، کورونا سے 119000 سے زائد افراد صحت یاب

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ اٹھارہ ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اتوار کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ ملک میں اب تک ایک لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو اڑتالیس افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ملک میں کورونا کے مریضوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مزید دو ہزار پانچ سو سولہ افراد کا اضافہ ہوا جن میں سے پانچ سو گیارہ کو اسپتال میں داخل اور باقی کو ضروری معائنے اور ہدایات کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اکیاون ہزار چار سو چھیا سٹھ ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ترسٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے اس طرح ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سات ہزار سات سو ستانوے ہوگئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اکسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ اکہتر ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں ستائیس لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس