Jul ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دولاکھ کے قریب، ایک دن میں 141 جاں بحق

ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

بدھ کو یومیہ بریفنگ کے دوران ایران کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر سیما سادات لاری نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دوہزار پانچ سو انچاس مریضوں کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے مریضوں میں سے ایک ہزار چھے سو اکیس افراد کو اسپتال میں داخل اور باقی کو ضروری معالجے اور ہدایات کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو اکتالیس افراد کا انتقال ہوگیا جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دس ہزار نو سو اٹھاون ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر سیما سادات لاری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ اکانوے ہزار چار سو ستاسی مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ چھے لاکھ دس ہزار ہوگئی ہے جن میں پانچ لاکھ پندرہ ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ اٹھاون لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ٹیگس