Jul ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کے نئے اعداد و شمار

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران میں کورونا کے ایک لاکھ چھیانوے ہزار سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعے کو کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار پانچ سو چھیاسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار چارسو تراسی افراد کو اسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا جبکہ باقی کو ضروری ہدایات کے بعد ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ پینتیس ہزار چار سو انتیس تک پہنچ گئی ہے، کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک سو چون افراد اپنی جان کی بازی ہارگئے اور یوں مرنے والوں کی مجموعی تعداد گیارہ ہزار دو سو ساٹھ تک ہوگئی ہے۔ ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ چھیانوے ہزار چار سو چونسٹھ مریض اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
دنیا میں اس وقت کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے کم سے کم تقریبا پانچ لاکھ پچیس ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور کم سے کم اکسٹھ لاکھ ستر ہزار افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

ٹیگس