Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • دھوکہ فریب، اسرائیل کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے: ایران

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے فریب، دھوکہ اور مظلوم نمائی کو اسرائیل کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس غاصب حکومت سے لاحق خطرات کے مقابلے میں اپنے دفاع کا حق پوری طرح محفوظ رکھتا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تشکیل پانے والے آنلائن اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت نے سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ہے اور وہ اس معاہدے کو ہر طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریب و دھوکہ اور مظلوم نمائی اسرائیل کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے۔ مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایران، اپنے دفاع اور کسی بھی طرح کے خطرے منجملہ اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر دو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے نمائندے کی جانب سے دی جانے والی دھمکی کے مقابلے میں اپنے دفاع کا پورا پورا قانونی حق رکھتا ہے۔

سفیر ایران نے کہا کہ ایسی حالت میں کہ دنیا کے سب سے طویل بحرانی مسئلے کی حیثیت سے مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے ہی اس کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل رہا ہے،مگر گزشتہ پجہتر برسوں کے دوران یہ عالمی ادارے فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ یہ ادارے فلسطین کے لاکھوں مظلوموں کی حمایت میں کوئی موثر اقدام تک عمل میں نہیں لا سکے ہیں اور مقبوضہ فلسطین کی ناجائز حکومت، فلسطینی علاقوں پر قبضہ جاری رکھتے ہوئے فلسطینی عوام کے خلاف ہر قسم کے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا دفاعی رویہ وہ بھی ایسی حالت میں کہ عالمی امن و سلامتی کا تحفظ اس کے فرائض میں شامل ہے، بین الاقوامی سطح پر ان عالمی اداروں کے اعتماد و اعتبار کو ٹھیس پہونچنے کا بباعث بنی ہوئی ہے۔

مجید تخت روانچی نے کہا کہ ان عالمی اداروں کا یہ دفاعی رویہ ہمیشہ جاری رہنے والا نہیں ہے اور انہیں اپنا رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین پر توجہ دیتے ہوئے اسے مزید ابتر اور اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونے سے بچائے اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و امان کے قیام و تحفظ کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے۔

مجید تخت روانچی نے ایک بار پھر فلسطینی امنگوں منجملہ فلسطینیوں کے ہاتھوں فلسطین کے مستقبل کے تعین اور بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کے لئے فلسطینیوں کی آرزو و خواہش اور مطالبے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل اور بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

ٹیگس