May ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • دنیا کی لاتعلقی صیہونی حکومت کے گستاخ ہونے کا باعث بنی ہے، خطیب زادہ

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صیہونی حکام کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی و لاتعلقی ان کے مزید گستاخ ہونے کا باعث بنی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے صیہونی حکومت کی  بھرپور حمایت سے صیہونی حکام کے جارحانہ اور مجرمانہ اقدامات میں مزید تیزی آئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کی اسی حمایت کے بل بوتے پر اسرائیل جولان پر غاصبانہ قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ شام کی بنیادی تنصیبات کو جارحیت کا نشانہ بناتا رہتا ہے۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران صیہونی فضائیہ نے شام میں دہشت گرد گروہوں کا کردار ادا کیا ہے اور جب بھی شامی فوج اور اتحادی قوتیں دہشت گرد گروہوں کو شکست دیتی ہیں یا انھیں نقصان پہنچاتی ہیں صیہونی فضائیہ میدان عمل میں آکر جارحانہ حملے کرتی ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی جانب سے اس غاصب حکومت کے خلاف موثر اور قانونی اقدامات عمل میں لائے جانے کا خواہاں ہے۔

ٹیگس