برکس وزرائے صحت اجلاس: صحت کے شعبے میں تعاون کی تین اہم ایرانی تجاویز
ایران نے برکس کے رکن ممالک کے وزرائے صحت کے اجلاس میں صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق تین اہم تجاویز پیش کی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپوٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے برکس کے وزرائے صحت کے اجلاس میں، "برکس پریکٹیکل ایکشن پروگرام" کی تدوین کے لئے، مشترکہ تیاری کی تقویت، دواسازی میں ایجادات کے فروغ اور نگرانی میں تعاون کی سطح بلند کئے جانے پر مشتمل تین تجاویز پیش کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست پنجاب کے شہر چنڈی گڑھ میں منعقدہ برکس وزرائے صحت کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر صحت ڈاکٹر علی جعفریان نے بحرانی حالات میں، ملک کے نظام صحت سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کے کارناموں پر مفصل روشنی ڈالی۔
انھوں نے، لچک، ایجادات اور تعاون و پائیداری کے نعرے کے ساتھ صحت کو انسانوں کا بنیادی ترین حق اور پائیدار ترقی کا محور قرار دیا۔
ایران کے نائب وزیر صحت نے امریکہ اور صیہونی حکومت کی جارحیتوں سے ملک کے نظام صحت پر پڑنے والے دباؤ کا ذکر کیا اور کہا کہ اسپتالوں، صحت کے کارکنوں اور دواؤں کی سپلائی چین پر پڑنے والے دباؤ کے باوجود، ایران میں صحت کی بنیادی خدمات نہیں رکیں۔
ڈاکٹر علی جعفریان نے مریضوں کے لئے طبی خدمات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جنہیں ڈائلیسس کی ضرورت ہو، شوگر کے مریض، بچے اور حاملہ خواتین جنگ رکنے کا انتظار نہیں کرسکتیں۔
انھوں نے برکس کے رکن ملکوں کے درمیان تعاون کی تین کلیدی ترجیحات بیان کیں اور کہا کہ مشترکہ آمادگی کی تقویت، نئی دواؤں کی ایجادات میں پیشرفت اور نگرانی میں تعاون کی تقویت کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel