ایران اور عمان کے درمیان نئے کوریڈور سمجھوتے کا آبنائے ہرمز کے کھلنے یا بند رہنے سے کوئی تعلق نہیں: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نئے کوریڈور کے سلسلے میں ایران اور عمان کے مابین سمجھوتے کا، آبنائے ہرمز کے کھلنے یا بند رہنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج ایک گفتگو میں کہا کہ آبنائے ہرمز کا بند کیا جانا عمان کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ یہ اقدام امریکہ کی وعدہ خلافیوں، ایران کی بندرگاہوں کا محاصرہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف واشنگٹن کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا لہٰذا آبنائے ہرمز کا کھلنا بھی بالکل الگ معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک فنی اقدام تھا جسے اس مہارت کے مالک ایران کے قومی اداروں نے تیار کیا اور مذاکرات کا حصہ وزارت خارجہ کے سپرد کیا گیا تھا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد سمجھوتے کے دوسرے ہی دن سے عمان کے ساتھ اس نئی گزرگاہ پر بات چیت شروع ہوگئی تھی جس کے لیے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی عمان گئے اور سلطان عمان سے اس بارے میں گفتگو کی لہذا یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ایران اور عمان کے مابین طے پایا ہے اور اس کا تعلق کسی بھی دوسرے فریق سے نہیں ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel