اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا: صدر ڈاکٹر پزشکیان
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی رہنما، مذاکرات میں جو بھی فیصلہ کریں گے، ایران اس کی حمایت کرے گا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں کہا ہے کہ فلسطینی رہنما، مذاکرات میں جو تدابیر بھی اختیار کریں گے اور جو فیصلہ بھی کریں گے، اسلامی جمہوریہ ایران اس کی حمایت کرے گا۔
صدر مملکت نے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم اور جرائم کے مقابلے میں مظلوم فلسطینی عوام کے صبر و تحمل، استقامت اور مزاحمت کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام اور عوام کا قلب اور روح ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور ہم فلسطینی قوم کی حمایت ہر حال میں جاری رکھیں گے۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی جارحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود، مسئلہ فلسطین ہماری نگاہ میں اسلامی دنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام کی حمایت و مدد میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں صیہونی حکومت اور امریکہ کی جارحیتوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت و پائیداری کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی عوام صیہونی حکومت کے تمام تر مظالم ، وحشیانہ حملوں اور دباؤکے باوجود فلسطینی اہداف اور شہدائے فلسطین کے خون سے جو عہد انھوں نے کیا ہے، اس پر باقی رہیں گے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel