ایرانی صدر مسعود پزشکیان: اسلامی ممالک کا اتحاد خطے میں صہیونی عزائم کو ناکام بنا سکتا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر اسلامی ممالک باہمی اتحاد، یکجہتی اور تعاون کا مظاہرہ کریں تو صہیونی حکومت کبھی بھی خطے میں اپنے ناپاک مقاصد اور جارحانہ عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔
سحرنیو/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں ترکی کے نئے سفیر "احمد آیدین دوغان" سے ان کی اسنادِ سفارت وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور روز بروز مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً ترکی کے ساتھ باہمی احترام اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کو اپنی خارجہ پالیسی میں بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوںممالک کے عوام کے درمیان دینی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں کی ایک گہری اور مضبوط بنیاد موجود ہے۔
موجودہ حساس علاقائی حالات کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی صدر نے تہران اور انقرہ کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے خطے میں صہیونی حکومت کی مجرمانہ کارروائیوں اور نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غاصب حکومت نہ صرف کھلے عام جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے بلکہ اسلامی ملکوں کے درمیان تفرقہ اور خلیج پیدا کرنے کے لیے بھی مکروہ سازشیں چلا رہی ہے۔ اس کے عزائم کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ پورا عالمِ اسلام اس کا ہدف ہے۔
صدر پزشکیان نے امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی مجرمانہ سرپرستی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کو انہی کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ بلاخوف و خطر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے، جبکہ نام نہاد عالمی برادری اور انسانی حقوق کے دعویدار اس ظلم کے سامنے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ اس کٹھن گھڑی میں اسلامی دنیا کے لیے واحد نجات دہندہ راستہ "اتحاد و یکجہتی" ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک باہمی سلامتی کے تحفظ، اقتصادی ترقی، سیاسی روابط اور سائنسی و ثقافتی اشتراک کے لیے عملی طور پر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں تو صہیونی حکومت کے لیے کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت اور تجاوز کرنا ناممکن ہو جائے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel