Nov ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لئے دوسرے فریڈم فلوٹیلا کی تیاری

غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے فریڈم فلوٹیلا مشن کا ایک بار پھر آغاز کیا جائے گا۔

الرسالہ نیوز ایجنسی کے مطابق، غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کی بین الاقوامی کمیٹی کے سربراہ زہیر البیراوی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی کے لئے بین الاقوامی اور عوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد غزہ کے محاصرے کو جلد از جلد ختم کرانا ہے۔

البیراوی نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں غزہ کی جانب، بحری جہازوں کی روانگی کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ، سیاسی اور عوامی سطح پر بھی، کمپین چلائی جائے گی تاکہ دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ اس اہم موضوع کی جانب مبذول کرائی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وسیع کمپین میں، غزہ کے مظلوم عوام، بچوں اور نوجوانوں کو درپیش مشکلات اور زندگی کی ابتدائی ترین ضروریات سے ان کی محرومی کو اجاگر کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ کی پٹی کے بحری محاصرے کو توڑنے کی غرض سے آخری بار اکتیس مئی دو ہزار دس کو فریڈم فلوٹیلا نے، فلسطین کے بحری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر صیہونی فوج نے دھاوا بول کر وحشیانہ انداز میں نو کارکنوں کو شہید جبکہ پچاس دیگر کو زخمی کردیا تھا۔ 

ٹیگس