Dec ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت، 48 گھنٹے میں شہدا کی تعداد 8 ہو گئی

غرب اردن پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں 8 فلسطینی شہید ہو گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق جنین کی کالونی میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں مزید دو فلسطینی نوجوان شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ اس طرح 48 گھنٹے میں شہدا کی تعداد 8 ہو گئی۔

اس سے قبل صیہونی فوجیوں نے منگل کی صبح غرب اردن کے شہر الخلیل میں بیت امر نامی علاقے پر حملہ کر دیا اور فلسطینیوں کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں مفید الخلیل نامی فلسطینی کے سر میں گولی لگی اور وہ شہید ہو گیا۔ صیہونی فوجیوں نے رام اللہ کے قریب بیت ریما کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس میں جواد عبد الرحمان عبدالجواد ریماوی اور ظافر عبدالرحمان عبدالجواد ریماوی نامی دو فلسطینی بھائی شہید ہو گئے۔

اُدھر رائد غازی النعسان المغیر علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوا جبکہ رام اللہ میں «کوخاو یعقوب» کالونی کے قریب ایک فلسطینی نے شہادت پسندانہ کارروائی کے تحت، ایک صیہونی دہشتگرد کو اپی گاڑی سے روند دیا جس کے بعد وہ بھی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔

فلسطینی ذرائع‏ کے مطابق صیہونی فوجیوں کی اس جارحیت میں بائیس فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں رواں سال کے دوران اب تک 205 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں سے 153 فلسطینی غرب اردن اور 52 فلسطینی غزہ میں شہید ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی دہشتگردی کو لگام دینے کے مقصد سے فلسطینی نوجوانوں کے مسلحانہ اور شہادت پسندانہ اقدامات بھی تیز ہو گئے ہیں۔

ٹیگس