112 شہیدوں کے جنازے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا واضح ثبوت: خلیل الحیہ
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے ملنے والی 112 شہیدوں کی لاشوں کو غاصب صیہونی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپوٹ کے مطابق غزہ میں تقریباً تین سال بعد غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں تباہ ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے سے ملنے والی 112 شہیدوں کی لاشیں نکالے جانے کے بعد، حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے ایک پیغام جاری کرکے شہیدوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان لوگوں نے صیہونی حملوں سے بچنے کے لئے ایک عمارت میں پناہ لے رکھی تھی لیکن جرائم پیشہ غاصب صیہونی حکوت نے عمارت پر بمباری کردی اور یہ مظلوم فلسطینی شہری عمارت کے ملبے میں دفن ہوگئے۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ غزہ میں غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کے دوران یہ وحشیانہ ترین قتل عام تھا جس میں شہید ہونے والوں کی لاشیں تقریباً تین سال تک عمارت کے ملبے میں دبے رہے۔
انھوں نے کہا کہ ان شہیدوں کا خون ان جرائم کا گواہ ہے جو غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں ملت فلسطین کے خلاف انجام دیئے ہیں۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور پوری دنیا کا فریضہ ہے کہ یہ قتل عام رکوائے اور اس کے مرتکبین کے خلاف موثر قانونی کارروائی کرے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel