آبنائے ہرمز امریکہ کے لئے قبرستان بن جائے گی: ممتاز سیاسی مبصر عبدالباری عطوان
عرب دنیا کے ممتاز مبصر اور کالم نویس عبدالباری عطوان نے اپنے تازہ تجزیئے میں لکھا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکہ کے لئے قبرستان بن جائے گی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق عرب دنیا کے ممتاز سیاسی مبصر اور کالم نویس عبدالباری عطوان نے روزنامہ رائے الیوم میں اپنے تازہ کالم میں لکھا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آبنائے ہرمز میں ایرانی مراکز اور ایران کے اندر بمباری کی دھمکیوں سے پیچھے ہٹ گئے اور پیر کے دن اردن اور کویت میں تین امریکی اڈوں پر حملوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم ایران کے ان حملوں کے جواب میں اس پر سخت وار لگائيں گے۔
عبدالباری عطوان نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ یہ بات قابل توجہ ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب جزیرہ لارک پر امریکی جارحیت کے بعد، چند گھنٹے کے اندر ایران نے اس کے جواب میں میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ ٹرمپ کو جھوٹ بولنے کا نوبل انعام ملنا چاہئے۔ انھوں نے بارہا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کیا اور آبنائے ہرمز کو امریکی قلمرو کا حصہ قرار دیا اور ایران کو صفحہ ہستی سے مٹادینے کی دھمکی دی۔
عبدالباری عطوان نے لکھا ہے کہ ٹرمپ کا تازہ دعویٰ یہ ہے کہ ایران شکست خوردہ اور مردہ ملک ہے، اس کی بحریہ ختم ہوچکی ہے، فضائیہ ختم ہوچکی ہے اوراس کے پاس فوجیوں کی تنخواہ دینے کا پیسہ بھی نہیں ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ کیا ایک شکست خوردہ ملک، امریکی جارحیت کے جواب میں چند گھنٹے ميں میزائل اور ڈرون حملہ کرسکتا ہے؟ سپاہ پاسداران نے ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیا، ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کیا اوراعلان کیا ہے کہ ہر امریکی جارحیت پر دس گنا شدید تر جواب دیا جائے گا۔
روزنامہ رائے الیوم کے چیف ایڈیٹر نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ ماضی کے تجربات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے جانی اور مالی نقصانات کی صحیح اطلاع کبھی نہیں دیتے۔
عبدالباری عطوان نے لکھا ہے کہ بارہ روزہ جنگ میں ایرانی میزائلوں نے، تل ابیب، حیفا، بیئرالسبع اور ڈیمونا سمیت کئی اسرائیلی شہر تباہ کردیئے۔ اسرائیلی حکام نے ان نقصانات کی فلم بنانے اور تصویر لینے پر پابندی لگادی اور امریکی حکام نے بھی خطے میں اپنے فوجی اڈوں کے سلسلے میں اسی پالیسی پر عمل کیا۔
اس ممتاز عرب مبصر اور کالم نویس نے لکھا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکہ کے لئے قبرستان بن جائے گی جس طرح 1956 میں نہرسوئز برطانوی اور فرانسیسی سلطنتوں کے لئے قبرستان بن گئی تھی، اسی طرح آبنائے ہرمز امریکہ کے لئے قبرستان بن جائے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel