امریکہ کا سعودی عرب سے غیر ضروری سفارتی عملے کو نکلنے کا حکم؛ انصار اللہ کے حملوں کے پھیلنے کا خدشہ
سعودی عرب میں قائم امریکی سفارت خانے نے سکیورٹی صورت حال کی ابتری اور یمن کی انصار اللہ تحریک کی جانب سے حملوں کے دائرہ کار میں وسعت کے خدشے کے پیش نظر، اپنے غیر ضروری سرکاری عملے اور ان کے اہل خانہ کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ اطلاعات کے مطابق، ریاض میں واقع امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے 23 اکتوبر 2026 سے خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر غیر ضروری سفارتی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
سفارتی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یمن کی انصار اللہ تحریک نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں اور اہم بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں، جبکہ فضائی سفر کا نظام بھی شدئد متاثر ہوا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ فوجی جھڑپوں کا دائرہ تیزی سے خطے کے دیگر علاقوں اور شہروں تک پھیل سکتا ہے۔
بیان میں سعودی ہوائی اڈوں پر ہونے والے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے تمام ملازمین کو سعودی عرب کے کسی بھی ہوائی اڈے سے پرواز کرنے یا سفر کرنے کے لیے اب اپنے اعلیٰ حکام سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔
اس کے علاوہ سفارت خانے نے اپنے عام شہریوں کے لیے بھی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر ممکنہ حملوں، فضائی حدود کی اچانک بندش، پروازوں کی منسوخی اور سفری نظام میں خلل کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کے استعمال میں انتہائی احتیاط سے کام لیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel