Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • کوئٹہ میں فائرنگ 4 ایف سی اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں فائرنگ کے نتیجے میں نیم فوجی دستے ایف سی کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔

میڈیا رپورٹوں میں ایف سی کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے ڈبل روڈ کے علاقے میں ایف سی کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ایف سی ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جو ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور گزشتہ روز پولیس پر ہونے والے حملے سے بھی اس کا تعلق ہو سکتا ہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں ایک گھنٹے کے فاصلے سے دو مقامات پر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

تاحال کسی شخص یا گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں ایک عرصے سے سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں پر حملے کرتی چلی آرہی ہیں جبکہ اس صوبے میں شیعہ مسلمانوں کو تواتر کے ساتھ دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ٹیگس