گلگت بلتستان سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد
آل پارٹیز کانفرنس نے گلگت بلتستان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مشترکہ تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کل گلگت بلتستان متحدہ اپوزیشن کے رہنماوں نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے دور میں آئینی حقوق اور عوامی مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن وہ اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے اورعدالت کے فیصلے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ ہم سکینڈ ڈویژن شہری ہیں، اگر پاکستان چاہتا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں تو ہمیں صوبہ دے، اگر متنازع سمجھتا ہے تو کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہم مایوس ہوچکے ہیں، اب ہمیں اپنی حیثیت کا تعین خود کرنا ہے، جب تک ہم اپنی طاقت اور اہمیت کو نہیں جانیں گے، ہم کامیاب نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈنڈوں کے ذریعے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی تھی، آج بھی ہم اپنے حقوق لے سکتے ہیں اور یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے ہم حقوق سے محروم ہیں ۔