کراچی: فیکٹری میں لگنے والی آگ کو بجھاتے چار فائر برگیڈ اہلکار ہلاک، 13 زخمی
کراچی میں 4 فائر برگیڈ اہلکار اس وقت جاں بحق ہوگئے جب فیکڑی کی چھت آگ لگنے کے بعد نیچے گر گئی، 13 افراد کے اس حادثے میں زخمی ہونے کی خبر بھی دی جا رہی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان:پاکستان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے نیو کراچی ایریا کی ایک فیکڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کو بجھانے کےلئے فائر برگیڈ کے اہلکار پہنچے اور آگ بجھانے کے عمل کے دوران اس فیکٹری کی چھت گر گئی جس سے 4 فائر برگیڈ اہلکار ملبے کے نیچے دب کر ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق صبح 7:45 پر نیو کراچی کانٹا کے علاقے میں واقع عثمان اینڈ سنز بیڈ شیٹ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کو بجھانے کےلئے فائر برگیڈ کا عملہ اپنی گاڑیوں کے ساتھ موقع پر پہنچا اور آگ رات 2 بجے آگ پر قابو پا لیا گیا اور متاثرہ جگہ کو ٹھنڈا کرنے کا آپریشن شروع تھا کہ اچانک نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر چار منزلہ عمارت گر گئی جب کہ اس دوران صرف چند فائر برگیڈ کے اہلکار اندر اپنے کام میں مصروف تھے جو عمارت گرنے سے اندر پھنس گئے جنہیں باہر نکالنے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا، چار افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا جب کہ 13 زخمی افراد کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پانچ زخمیوں کو جناح میڈیکل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سنٹر لے جایا گیا جب کہ باقی 8 کو عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا، وہاں پر جاکر اچانک معلوم ہوا کہ چار دیگر فائر برگیڈ اہلکار لاپتہ ہیں۔
آپریشن کی نگرانی کرنے والی ڈی سی کے مطابق لاپتہ فائر برگیڈ اہلکاروں کی تلاش کےلئے کام شروع کر دیا گیا لیکن بدقسمی سے چاروں اہلکار مردہ حالت میں پائے گئے۔