یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں فائرنگ، دو ہلاک
امریکہ کی ریاست لاس اینجلس میں واقع یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے کیمپس میں فائرنگ میں دو لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
روئٹرکی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا یونیوسٹی کے انجینیئرنگ شعبے کی عمارت میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد کیمپس کو بند کر دیا گیا ہے اور پولیس حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے
فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کا گھیراؤ کرکے کیمپس میں موجود لوگوں کو یونیورسٹی کیمپس سے محفوظ جگہ منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے- دوسری طرف یونیورسٹی کے اکثر طلباء نے یونیورسٹی کی لائبریری میں پناہ لے رکھی ہے،جب کہ کلاس روم میں موجود طلبہ نے خود کو کلاس روم میں بند کررکھا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق نامعلوم حملہ آور نے سیاہ رنگ کی جیکٹ پہن رکھی ہے،اور ابھی بھی کیمپس میں موجود ہے،تاحال حملہ آور کا مقصد معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ یونیورسٹی میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے جب کہ ایمبولینس اور ریسکیو ادارے کسی ناخوشگوار حادثے کی صورت میں فوری خدمات دینے کے لیے موجود ہیں۔