May ۲۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • فلسطین کا مسئلہ عالمی قراردادوں کے مطابق حل ہو: گوتریس

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹینو گوتریس نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ اقوام متحدہ کا فلسطین کے بارے میں وہی پرانا موقف ہے کہ فلسطین کا مسئلہ عالمی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹینو گوتریس کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کیلئے ہونے والے فیصلوں سے انھیں آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم آزادی فلسطین پی ایل او اور فلسطینی اتھارٹی، اب امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ طے پانے والے کسی بھی معاہدے کی پابند نہیں رہے گی۔

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے فلسطینیوں کے خلاف انجام پانے والے تمام جرائم میں امریکہ کو شریک اور قصوروار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن تل ابیب کے تمام غاصبانہ اور مجرمانہ اقدامات میں برابر کا شریک ہے۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکام نے حال ہی میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ غرب اردن کےبعض علاقوں پر قبضہ کر کے انہیں اپنے مقبوضہ علاقوں میں شامل کر لیں گے۔ صیہونی حکومت کے اعلان کے مطابق غرب اردن کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کے غاصبانہ اور مجرمانہ منصوبے پر جولائی کے مہینے سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

خیال رہےکہ صیہونی حکومت غرب اردن کے تیس فیصد سے زیادہ علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔

ٹیگس