Jul ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکہ میں کورونا کے 60 ہزار نئے مریضوں کا پتہ لگنے کے بعد، ریکارڈ ٹوٹا

امریکہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے ساٹھ ہزار نئے مریض ملنے سے اس ملک میں ایک نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہاپکینز یونیورسٹی نے ایک رپورٹ میں امریکہ میں کورونا کے نئے اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران امریکہ میں کورونا کے ساٹھ ہزار نئے مریضوں کا پتہ لگایا گیا ہے اور اس طرح امریکہ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تیس لاکھ ننانوے ہزار ہو گئی ہے۔

امریکہ کی مذکورہ یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران امریکہ میں مزید ایک ہزار ایک سو اکہتر افراد جان کی بازی ہار گئے اور اس طرح  امریکا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ تینتیس ہزار نو سو بہتر ہو گئی ہے۔کورونا وائرس کے بری طرح سے شکار ملکوں کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے اور کورونا وائرس کے نتیجے میں  امریکا میں ہی اب تک سب سے زیادہ اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔

امریکہ کی ہاپکینز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں اب تک ایک کروڑ، انیس لاکھ، چوّن ہزار نو سو بیالیس افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے اب تک پانچ لاکھ چھیالیس ہزار سات سو بیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کئے جانے والے ایک سروے نتائج سے بھی پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے نصف سے زائد عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کئے جانے میں امریکی صدر ٹرمپ کی کارکردگی سے بالکل ناخوش ہیں۔این بی سی نیوز کے بھی سروے نتائج بتاتے ہیں کہ امریکہ کے پچپن فیصد عوام کورونا وائرس کو کنٹرول کئے جانے سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہیں۔اسی طرح ان سروے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے ستّر فیصد عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اپنی ریاستوں کے گورنروں پر ٹرمپ سے کہیں زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ میں تیس لاکھ سے زائد کورونا مریض پائے جانے کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر اپنی تقریر میں کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا کے ننانوے فیصد مریضوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

تازہ خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجیے

ٹیگس