امریکہ داعش کے بہانے شام کے مخالفین کو تربیت دے رہا ہے
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ شام پر فضائی حملے کا مقصد، بشار اسد مخالف نئے شام کی فوج کے زیر عنواں گروہ کی حمایت کر نا تھا۔
پینٹاگون کے ترجمان بل اربن نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے نئے شام کی فوج کے زیر عنواں گروہ کے افراد کی تربیت کی گئی ہے اور انہیں اسلحے فراہم کئے گئے ہیں- بل اربن نے کہا کہ جمعے کے روز کا حملہ اسی گروہ کی حمایت کی خاطر کیا گیا تھا۔ امریکی اعلی عہدے داروں نے اس سے قبل دعوی کیا تھا کہ فضائی حملے، جبہۃ النصرہ اور داعش دہشت گرد گروہوں کے مراکز پر کئے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر بارک اوباما نے بھی پیر کے دن کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تربیت یافتہ شام مخالف گروہوں کی حمایت کے لئے مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ داعش دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے صرف شام کی مرکزی حکومت کے اعتدال پسند مخالفین کو تربیت دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں تیزی اور شام میں مغربی اور عرب ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کے نتیجے میں صرف داعش دہشت گردوں کو تقویت ملی ہے۔