حج رہبر انقلاب اسلامی کے نقطہ نگاہ سے
https://urdu.sahartv.ir/news/annalys-i292408-حج_رہبر_انقلاب_اسلامی_کے_نقطہ_نگاہ_سے
رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو ایران کے محکمہ حج کے عہدیداروں اور ذمہ داروں کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حج سب سے بڑا اجتماعی مرکز ہے اور حج امت اسلامیہ کے نظریات کا اظہار کرنے کی بہترین جگہ ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  • حج رہبر انقلاب اسلامی کے نقطہ نگاہ سے

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو ایران کے محکمہ حج کے عہدیداروں اور ذمہ داروں کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حج سب سے بڑا اجتماعی مرکز ہے اور حج امت اسلامیہ کے نظریات کا اظہار کرنے کی بہترین جگہ ہے-

آپ نے صیہونیوں کی گستاخیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ صیہونی انتہائی جسور اور گستاخ ہوگئے ہیں اور وہ مسجد الاقصی کے وارثوں پرعرصہ حیات تنگ کرنے لگے ہیں اورانہیں مسجد الاقصی میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں -

 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسئلہ فلسطین کو کسی بھی صورت فراموشی کی نذر نہیں کیا جانا چاہئے، اس کو عالم اسلام کا سب سے اہم موضوع قراردیا اور فرمایا کہ فلسطین اور مسجد الاقصی کے بارے میں امت اسلامیہ کے موقف کو بیان کرنے کے لئے بیت اللہ الحرام ، مکہ و مدینہ ، عرفات و مشعراور منیٰ سے بہتر اور کون سی جگہ ہوسکتی ہے-

رہبر انقلاب اسلامی کے حج سے متعلق بیان میں خاص طور پر فلسطین اور بیت المقدس کے مسئلے کی یاد آوری ، مختلف پہلوؤں سے ،عالم اسلام کی سرنوشت پر حج کے موثر کردار کی آئینہ دار ہے- آج علاقے کو تکفیری دہشت گردی جیسے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے اس لئے مسلم اقوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ حج کے موقع پر اس سلسلے میں اپنے موقف کا برملا اعلان کریں-

حج اور میڈیا کے شعبے کے ماہر و محقق محمد رضا خوشرو نے حج تمتع سے متعلق میقات نامی ریڈیو پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حج مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور ہمدلی کی جلوہ گاہ اور دشمنوں کے لئے دھمکی آمیز پیغام ہے- کیوں کہ ہر سال دنیا کے دور دراز علاقوں سے مختلف افکار و نظریات کے حامل افراد یکجا ہوتے ہیں اور وہ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ آشنا ہونے کے ساتھ ہی اپنے دشمن کو بھی پہچانتے ہیں-  

حج ایک ایسا فریضہ الہی ہے جس میں بلا شبہ یہ صلاحیت اور گنجائش پائی جاتی ہے کہ امت مسلمہ کی عظمت کو جلوہ گر کرے اور ان بدعنوان حکومتوں کو، جو اپنی بقا مستکبروں اور امریکہ و صیہونزم کے مطالبات اور خواہشات کی تکمیل میں سمجھتی ہیں، انہیں چیلنج سے دوچار کردے- 

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای اس سلسلے میں مسلمانوں کے ذریعے اتحاد کے موضوع کو اہمیت دیئے جانے کو بہت اہم اور ضروری قرار دیتے ہیں اور فرماتے ہیں، ایسے میں جبکہ اربوں ڈالرمسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے اور ان کو آپس میں دست بگریباں کرنے کے لئے خرچ کئے جا رہے ہیں ، مسلمانوں کو ہوشیار رہنا چاہئے کہ وہ اس تفرقہ اندازی کا حصہ نہ بنیں-  

اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ جو بحران وجود میں آئے ہیں ان کی جڑ کا صحیح طور پر پتہ لگائیں اور حقائق کو صحیح طور پر درک کرنے کی کوشش کریں- علاقے میں بدامنی پھیلانے سے سامراج کا مقصد ، مسئلہ فلسطین کو فراموشی کی نذر کرنا ہے- صیہونی حکومت نے شام ، یمن اور عراق کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملت فلسطین کے خلاف وسیع پیمانے پر اپنے وحشیانہ حملے تیز کردیئے ہیں اور پچھلے دوہفتوں کے دوران غزہ، غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس میں صہیونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان ہونےوالی جھڑپوں میں کم سے کم سولہ فلسطینی شہید اور چودہ سو سے زائد زخمی ہوئےہیں -

 رہبر انقلاب اسلامی اسی سلسلے میں فرماتے ہیں کہ سارے دہشت گرد گروہوں سے زیادہ شیطان اور خبیث خود امریکی حکومت ہے- علاقے میں عالمی استکبار اور صیہونزم کی سازشوں کا پردہ فاش کرنے اور ان کو ناکام بنانے میں حج کے عظیم اجتماع کے کردار پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید ، مختلف پہلوؤں سے حج کی اسٹریٹیجک اہمیت پر آپ کی غائرانہ نظر کی غماز ہے- اس میں شک نہیں ہے کہ اس عظیم اور بے مثال موقع سے، عالم اسلام کی نرم طاقت و توانائی کے ارتقاء اور فروغ کے لئے استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے -

کیوں کہ حج تمام مسلمانوں سے متعلق ہے اور اس سلسلے میں سب سے زیادہ سماجی اور سیاسی گنجائش کا حامل ہے اور حج مسجد الاقصی اور علاقے میں امریکا کی شیطنت آمیز موجودگی کے بارے میں امت اسلامیہ کے برملا موقف کے اظہار کی بہترین جگہ ہے-