سامراج کی پالیسی صیہونی حکومت کا تحفظ
Aug ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ سامراج صیہونی حکومت کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اسلامی دنیا میں اختلافات پیدا کرنے کے درپے ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس سید محمود علوی نے منگل کے دن ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں مختلف اسلامی فرقوں سے تعلق رکھنے والے علما سے ملاقات کی۔ سید محمود علوی نے اس موقع پر کہا کہ سامراج نے اپنی جنگی حکمت عملی اور پالیسی بدل دی ہے اور اب تکفیری گروہ سامراج کی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ گروہ صاحبان ایمان اور ملت اسلامیہ کے اتحاد کے حامیوں کو شہید کرتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے خطے میں جاری بدامنی کو دشمنوں کی خفیہ ایجنسیوں کی سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دشمنوں نے املت اسلامیہ کو کمزور کرنے کے مقصد سے اسلامی اتحاد کو نشانہ بنا رکھا ہے۔ انھوں نے مشرق وسطی میں جاری بدامنی، جنگوں، قتل عام اور دہشت گردانہ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام امور کے باوجود ایران میں مکمل طور پر امن قائم ہے اور ان امور میں سے کوئی ایک بھی ہمارے ملک میں بدامنی کا باعث نہیں بن سکا ہے۔