ایران اور پاکستان کی بری فوج کے سربراہوں کی ملاقات
ایران کی بری فوج کے سربراہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ ملک ہیں اور ان کے درمیان گہرے مذہبی رشتے پائے جائے جاتے ہیں۔
جنرل عبدالرحیم موسوی نے جنرل قمر جاوید باجوا کے ساتھ ملاقات میں یہ بات زور دے کر کہی ایران اور پاکستان شروع ہی سے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے چلے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا عمل جاری ہے جن میں تربیتی کورسز اور طلبہ کا تبادلہ بھی شامل ہے۔پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فوج ایران کے ساتھ تعاون کی سطح میں اضافے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوا کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے مفادات ایک ہیں اور ہمیں ایک جیسے خطرات کا سامنا ہے جس کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا ایک اعلی سطحی فوجی وفد کے ہمراہ پیر کی شام تہران پہنچے تھے۔جنرل قمرجاوید باجوا کے دورہ ایران کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لینا بتایا گیا ہے۔