افغان چیف ایگزیکٹیو نے گورنروں کی تعیناتی شروع کردی
Feb ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
افغانستان کے وسیع البنیاد حکومت کے قیام کا دعوی کرنے والے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے ملک بھر میں نئے گورنروں کی تقرری کا آغاز کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے پہلے قدم کے طور پر سرپل کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد نور رحمانی کو صوبے کا نیا گورنر مقرر کردیا ہے۔
ان کے اس اقدام کے فوراً بعد عبداللہ عبداللہ کے ہزاروں حامی گورنر ہاؤس میں جمع ہوئے اور نئے گورنر کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
کہا جارہا ہے کہ عبداللہ عبداللہ جلد ہی صوبہ جوزجان اور پنجشیر کے لیے بھی اپنا گورنر مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
افغانستان کے ایوان صدر نے تا حال چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کے اس اقدام پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
افغانستان کے الیکشن کمیشن نے گزشتہ منگل کو صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے موجودہ صدر اشرف غنی کو کامیاب قرار دیا تھا۔ نتائج کے مطابق عبداللہ عبداللہ دوسرے نمبر رہے تاہم انہوں نے انتخابی نتائج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ملک میں وسیع البنیاد حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
افغانستان میں صدارتی انتخابات اٹھائیس ستمبر کو کرائے گئے تھے۔
ٹیگس