پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور صوبہ پنجاب میں پھر زلزلہ دسیوں افراد زخمی
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم کے درمیانی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن میں مزید پچاس افراد زخمی ہوگئے ہیں
پاکستانی میڈیا کے مطابق گذشتہ منگل کو آنے والےشدید زلزلے کے بعد علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کی صبح تیسری بار آفٹرشاکس آئے ہیں تاہم اس بار اس کی شدت پہلے سے زیادہ تھی جمعرات کو آنے والے زلزلے کی قوت چار اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی ہے - زلزلے سے ایک بار پھر علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم کے قریب وجود فالٹ لائن ہی تھی جس کی گہرائی زمین کے اندر بارہ کلومیٹر بتائی گئی ہے - ذرائع کے حوالے سے پاکستانی میڈیا نے خبردی ہے کہ جمعرات کو آنے والے زلزلے سے ایک بار پھر زمین کانپ اٹھی اور لوگ سراسیمگی کے عالم میں گھروں اور بند جگہوں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے - اس سے قبل دو روز قبل آنے والے ہولناک اور شدید زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد انتالیس ہوگئی جبکہ چھے سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں -