آئی پی ایل:کنگز الیون پنجاب کی سات وکٹ سے فتح
انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز ایک اور شکست کھا گئی اور اُسے کنگز الیون پنجاب نے باآسانی سات وکٹ سے شکست دے دی۔
وشاخا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ تو کی لیکن پوری اننگز میں اُن کے بیٹسمین مشکلات کا شکار رہے۔
27 رنز بنانے والے کیرون پولارڈ اور 25 رنز کی اننگز کھیلنے والے رانا ہی کچھ مزاحمت کر سکے، ممبئی انڈینز کی ٹیم 9 وکٹ پر 124 رنز ہی بنا سکی، اسٹوائنس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 15 رنز کے عوض 4 کھلاڑی پویلین بھیجے، دو، دو وکٹیں سندیپ شرما اور موہت شرما کے حصے میں آئیں۔
جواب میں کنگز الیون پنجاب کی پہلی وکٹ ایک کے اسکور پر گری مگر دوسری وکٹ پر کپتان مرلی وجے اور سہا نے 116 رنز کی شراکت بنا کر میچ یک طرفہ کر دیا، سہا 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مرلی وجے 54 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، کنگز الیون پنجاب نے ہدف 17 اوورز میں حاصل کیا۔
دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ میں ہفتے کو دو مقابلے ہوں گے۔ پہلا مقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور اور گجرات لائنز کے درمیان بنگلور کے میدان پر ہو گا۔
دوسرا میچ کولکتہ نائٹ رائڈرز اور رائزنگ پونے سپر جائنٹس کے مابین کولکتہ کے گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ورات کوہلی، گجرات لائنز کے سریش رینا، کولکتہ نائٹ رائڈرز کے گوتم گمبھیر جبکہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی سربراہی مہندرا سنگھ دھونی کریں گے۔