یورپی ٹرائیکا کا اعلامیہ، امریکہ کی جانبداری ہے : روسی سینیٹر
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i360527-یورپی_ٹرائیکا_کا_اعلامیہ_امریکہ_کی_جانبداری_ہے_روسی_سینیٹر
روسی سینیٹر نے ایٹمی سمجھوتے کے سلسلے میں یورپی ٹرائیکا کے سربراہی بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک طرح سے امریکی اقدامات کی جانبداری قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • یورپی ٹرائیکا کا اعلامیہ، امریکہ کی جانبداری ہے : روسی سینیٹر

روسی سینیٹر نے ایٹمی سمجھوتے کے سلسلے میں یورپی ٹرائیکا کے سربراہی بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک طرح سے امریکی اقدامات کی جانبداری قرار دیا ہے۔

روسی سینٹ کی خارجہ امور  کمیٹی کے سربراہ کونسٹنٹن کاساچوف نے کہا ہے کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے سربراہوں کے سہ فریقی اعلامیے سے ایٹمی سمجھوتے کی حمایت تو ہوتی ہے تاہم اس میں صرف ایران سے معاہدے کی پابندی  کا مطالبہ کیاگیا ہے اور امریکہ سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس روسی سینیٹر نے مزید کہا کہ ایٹمی سمجھوتے سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر نکل جانے سے اس بین الاقوامی سمجھوتے کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ کاساچوف نے ایٹمی سمجھوتے کے سلسلے میں امریکی وعدہ خلافیوں کو نظرانداز کئے جانے پر تنقید کی ہے۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، فرانس کے صدر امانوئل میکرون اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اتوار کی شب ایک مشترکہ اعلامیے میں ایٹمی سمجھوتے سے امریکہ کے غیرقانونی طور پر باہر نکل جانے کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر ایران سے ایٹمی سمجھوتے کی مکمل پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے سربراہوں نے اس اعلامیے میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل سمیت مغربی ایشا میں امریکہ کے دہشتگردانہ اور کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات کی جانب کوئی اشارہ کئے بغیر ایران سے بقول ان کے علاقے میں تشدد کو ھوا نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔