مصر میں دہشت گردانہ بم دھماکے
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
مصر کے شمال میں کئی دہشت گردانہ بم دھماکوں کی اطلاعات ہیں-
موصولہ رپورٹ کے مطابق نہر سوئز کے نئے حصے کے افتتاح سے پہلے مصر کے شمال میں، سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود، کئی بم دھماکے ہوئے ہیں- اطلاعات کے مطابق مصر کے شمالی شہر العریش میں پانچ بم دھماکے ہوئے البتہ مصری ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ ان دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے- دریں اثنا مصری فوج نے مصر کے ایک اور شمالی شہر رفح میں انصار بیت المقدس کے نام سے موسوم دہشت گرد گروہ کے اسلحے کے گودام پر چھاپہ مارنے کی خبر دی ہے- ادھر مصر کی وزارت داخلہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اخوان المسلمین کے تیئیس لیڈروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے- اس وزارت کے مطابق یہ افراد ملک کے پبلک مقامات پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے- قابل ذکر ہے کہ مصری حکومت نے روزگار فراہم کرنے اور اقتصادی بحران کو دور کرنے کے مقصد سے ستر لاکھ یورو کے شیئرز بیچ کر نہر سوئز کا نیا حصہ تعمیر کرایا ہے-