امریکا: ایٹمی معاہدے کی حمایت پر تاکید
Aug ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ باراک اوباما ایٹمی معاہدے کے خلاف لائی جانے والی ہر قرارداد کو ویٹو کر دیں گے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے ایوان نمائندگان میں گزشتہ ہفتے تعطیلات شروع ہونے سے قبل تک کسی بھی ممتاز ڈیموکریٹ رکن نے باضابطہ طور پر ایران کے ساتھ معاہدے کی مخالفت نہیں کی جبکہ ایوان نمائندگان میں اپوزیشن رہنما نینسی پلوسی سمیت متعدد اہم شخصیات نے اس معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا۔ نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ ان کو یقین ہے کہ اگر ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین نے ایٹمی معاہدے کو مسترد کرنے کے لئے کوئی قرارداد منطور کی تو باراک اوباما اس قرارداد کو ویٹو کر دیں گے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق اگر ایوان نمائندگان کے کم از کم چوالیس ڈیموکریٹ اراکین اور سینٹ کے تیرہ ڈیموکریٹ اراکین ریپبلیکنز کے ساتھ ملیں گے تو اس وقت ان کو باراک اوباما کے ویٹو کے حق کو غیر موثر کرنے کے لئے دو تہائی اکثریت حاصل ہو گی۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب امریکا میں صیہونی حکومت کی طاقتور لابیوں اور گروہوں نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ جامع ایکشن پلان کو مسترد کئے جانے کے لئے بہت زیادہ کوشش شروع کر دی ہے۔ امریکی سینیٹ کی تعطیلات جمعے کے دن سے شروع ہوں گی اور ایوان نمائندگان اور سینیٹ آٹھ ستمبر سے اپنی کارروائی کا آغاز کریں گی اور ان کے پاس ایٹمی معاہدے کی منظوری یا اسے مسترد کرنے کے لئے سترہ ستمبر تک کا وقت ہو گا-