امریکہ نے ترکی کے اینجرلیک ایربیس سے داعش کے خلاف کارروائی شروع کردی
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۵:۰۸ Asia/Tehran
امریکی فضائیہ نے ترکی کے اینجرلیک ایربیس سے شام میں موجود داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔
امریکی فوج نے بدھ کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے، ترکی کے اینجرلیک ایربیس سے شام میں داعش کے دہشت گردوں کے خلاف پہلی کارروائی انجام دی۔ یہ ایربیس ترکی کے جنوب مشرقی شہر آدانا کے قریب واقع ہے۔ امریکی فوج کے اس بیان میں اس جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ترکی کی فضائیہ نے حصہ نہیں لیا۔ اس سے قبل امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ چھے ایف سولہ لڑاکا طیارے اینجرلیک ایربیس بھیجے گئے ہیں۔ امریکہ نے داعش کے خلاف ایسی حالت میں کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے کہ خود ہی علاقے کے بعض ملکوں کے تعاون سے اس دہشت گرد گروہ کو وجود میں لائے جانے کا باعث بنا ہے- اس سے قبل بھی امریکہ القاعدہ کو وجود میں لاکر علاقے کے ملکوں کے ساتھ ساتھ خود اپنے لئے بہت سے مسائل پیدا کر چکا ہے اور امریکہ کے اس قسم کے اقدامات کے نتیجے میں مبصرین کے بقول عالمی سطح پر دہشت گردی کو اور زیادہ فروغ حاصل ہوا ہے-