انسانی حقوق اور مغربی ممالک
https://urdu.sahartv.ir/news/annalys-i241123-انسانی_حقوق_اور_مغربی_ممالک
مغربی ممالک دوسرے ملکوں میں انسانی حقوق کے تعلق سے بیانات جاری کرتے رہتے ہیں اور اپنے فیصلے بھی سناتے رہتے ہیں۔ مغربی ملکوں کے انسانی حقوق کے دعوے کتنے سچے ہیں آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
  • انسانی حقوق اور مغربی ممالک

مغربی ممالک دوسرے ملکوں میں انسانی حقوق کے تعلق سے بیانات جاری کرتے رہتے ہیں اور اپنے فیصلے بھی سناتے رہتے ہیں۔ مغربی ملکوں کے انسانی حقوق کے دعوے کتنے سچے ہیں آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

 

مغرب انسانی حقوق کے جو بیانات جاری کرتا ہے کیا انہیں ان ملکوں کی شفافیت کی سند مانا جاسکتا ہےکہ یہ ممالک انسانی حقوق کی پابندی کرتے ہیں؟ امریکہ اور برطانیہ کی انسانی حقوق کی سالانہ رپورٹوں میں ایران کو انسانی حقوق پامال کرنے والا ملک قراردینے کی کوشش کی گئی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور یورپی یونین بھی ہیں جنہوں نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کرکے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بقول ان کے ایران میں بڑی تعداد میں سزائے موت دی جارہی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے ایران میں موت کی سزاؤں کو افسوسناک قراردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران میں چند دہشتگردوں کو دی جانے والی سزائے موت پر بعض مغربی ملکوں کے حکام کے موقف کو ایران کے امور میں مداخلت قراردیا اور اسکی مذمت کی۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشتگردی اور بیرونی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف علاقے میں ہمیشہ سے ٹھوس موقف اپنایا ہے۔

تکفیری دہشتگرد گروہ تشکیل دینے کی کوشش، ایران میں مسلحانہ کارروائیاں، بے گناہ عوام اور علماء منجملہ علماء اھل سنت کی ٹارگٹ کلنگ اور قتل عام، بعض شہروں کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے ایسے جرائم ہیں جن کا ارتکاب کرنے والوں کو ایران میں سزائے موت دی جاتی ہے۔ انسانی حقوق کے بہانے ایران کے خلاف مغرب کے موقف اکثر دو اھداف کے تحت سامنے آئے ہیں۔ پہلا ھدف یہ ہے کہ مغرب ایرانو فوبیا کو عالمی رنگ دینا چاہتا ہے اور عالمی سطح پر اسلامی حکومت کا چہرہ مسخ کرکے پیش کرنا چاہتا ہے۔دوسرا ھدف یہ ہے کہ مغرب انسانی حقوق کے سلسلے میں خود کو بہت زیادہ ذمہ دار ظاہر کرنا چاہتا ہے۔ حالیہ بیان کا ھدف بھی ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ ایران میں حالیہ موت کی سزاؤں کے بارے میں اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے بیانات کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ مغربی ممالک دنیا میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہرکرنے کے لئے اکثر سیاسی اھداف پر مشتمل رپورٹوں کو ثبوت کے طور پر پیش کرتے ہیں اور دوہرے معیارات کے مطابق ہی دوسرے ملکوں کے بارے میں فیصلے کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ اس طرح کے بیانات اور رپورٹوں کے بارے میں یہ کہنا صحیح ہے کہ یہ بیانات اور رپورٹیں انسانی حقوق کے اھداف کے حامل ہونے کے بجائے سیاسی اھداف پر مشتمل ہوتی ہیں۔

مغرب کے انسانی حقوق کے دعویداروں سے یہ پوچھنا چاہیے کہ کیا دوسرے ممالک میں ان امور کو جرم قرارنہیں دیا جاتا اور کیا جو لوگ ملک میں بدامنی اور دہشتگردی پھیلاتے ہیں اور دہشتگردانہ اقدامات کرتے ہیں کیا ان کے خلاف قانونی اقدامات نہیں ہونے چاہیں؟ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا چاہیے۔ اسی وجہ سے ایران انسانی حقوق کے سلسلے میں رپورٹیں تیار کرنے کا مخالف نہیں ہے بلکہ اس بات پر تاکید کرتا ہےکہ انسانی حقوق کو بعض مغربی ملکوں کے ہاتھوں میں سیاسی اھداف کے حصول کے لئے ایک ہتھکنڈا نہیں بننا چاہیے۔ انسانی حقوق کے دعویدار ملکوں کی جانب سے عالمی اداروں سے غلط فائدہ اٹھانا در اصل سیاسی حربوں کے سہارے دہشتگردی کا دفاع کرناہے۔