پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں
https://urdu.sahartv.ir/news/annalys-i249946-پاکستان_اور_روس_کی_مشترکہ_فوجی_مشقیں
پاکستان اور روس کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے روس کی بری فوج کے دستے پاکستان پہنچے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان فرینڈ شپ دو ہزار سولہ مشترکہ فوجی مشقوں کا ہفتے کے روز سے باقاعدہ آغاز ہو گیا یہ مشقیں دس اکتوبر تک جاری رہیں گی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں

پاکستان اور روس کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے روس کی بری فوج کے دستے پاکستان پہنچے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان فرینڈ شپ دو ہزار سولہ مشترکہ فوجی مشقوں کا ہفتے کے روز سے باقاعدہ آغاز ہو گیا یہ مشقیں دس اکتوبر تک جاری رہیں گی۔

مشقوں میں دونوں ممالک کے اسپیشل سروسز گروپ کے دستے حصہ لے رہے ہیں جو بلند پہاڑی علاقوں میں مشترکہ جنگی مشقیں کریں گے۔ مشقوں کا مقصد پہاڑی علاقوں میں مسلح گروہوں اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے جنگی تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔

پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہیں کہ جب دونوں ممالک سرد جنگ کے زمانے میں مشرق اور مغرب کے بلاک میں ایک دوسرے کے مقابل تھے۔ اس بنا پر سیاسی مبصرین روس اور پاکستان کی مشترکہ فوجی مشقوں کو دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہیں۔ اسی بنا پر ہندوستان کی حکومت نے کہ جس کے روس کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات ہیں، ان فوجی مشقوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو تشویش کی نظر سے دیکھتی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان یہ پہلی فوجی مشقیں ہو رہی ہیں جو پہلے گلگت بلتستان اور پھر صوبہ خیبرپختوانخوا کے علاقے چیراٹ میں انجام پائیں گی۔

سیاسی مبصرین کے خیال میں پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد ایک طرح سے علاقائی تعاون خاص طور پر فوجی شعبے میں تعاون کے بارے میں نقطۂ نظر اور پالیسی میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔

حال ہی میں امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور واشنگٹن بدستور اسلام آباد پر افغانستان کے امور میں زیادہ تعاون کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ اسی بنا پر حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے پاس امریکہ اور مغرب کے علاوہ بھی آپشن موجود ہے اور اسی لیے پاکستان روس اور چین کے ساتھ اپنے تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

درایں اثنا ماسکو بھی کہ جس کی یوکرین جیسے مسائل کی بنا پر مغرب خاص طور پرامریکہ کے ساتھ کشیدگی پیدا ہو چکی ہے، مغربی کیمپ میں موجود پاکستان جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دے کر فوجی اور سیکورٹی شعبوں میں اپنی علاقائی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہندوستان نے بھی حالیہ برسوں کے دوران امریکہ اور صیہونی حکومت کے ساتھ میزائلی اور فوجی تعاون کو زیادہ فروغ دینے کی سمت قدم اٹھائے ہیں۔ رافائل جنگی طیارے خریدنے کے لیے فرانس کے ساتھ ہندوستان کے حال ہی میں ہونے والے معاہدے سے ایک بار پھر ظاہر ہو گیا کہ ہندوستان بھی بھاری مقدار اور تعداد میں فوجی سازسامان خرید کر اور اپنی فوجی پوزیشن کو مضبوط کر کے جنوبی ایشیا کے علاقے میں برتری حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہندوستان کی اس پالیسی نے علاقے میں ہتھیاروں کی دوڑ تیز کر دی ہے۔

پاکستان کے خیال میں روس کہ جس نے حال ہی میں شام میں دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور افغانستان میں سرگرم داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے افغان طالبان کے ساتھ تعاون کے لیے بھی اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کا ایک مناسب پارٹنر اور حلیف بن سکتا ہے۔ اسی بنا پر فوجی مشقوں کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا کا انتخاب دہشت گرد گروہوں کے لیے ایک انتباہ ہو سکتا ہے۔

بہرحال پاکستان اور روس کے درمیان فوجی مشقوں کے انعقاد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان مختلف قسم کی فوجی منڈیاں تلاش کرنے اور فوجی ہھتیاروں کے سلسلے میں مغرب سے اپنی وابستگی کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کو صیہونی حکومت اور امریکہ کے ساتھ ہندوستانی حکومت کے بڑھتے ہوئے تعاون پر بھی تشویش ہے، کیونکہ امریکہ نے ظاہر کر دیا ہے کہ اس نے ہندوستان کو اپنا علاقائی اتحادی چن لیا ہے اور اسی وجہ سے پاکستان واشنگٹن کے بجائے ماسکو سے تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔