ونزوئیلا کے صدر کا دورہ تہران
https://urdu.sahartv.ir/news/annalys-i254545-ونزوئیلا_کے_صدر_کا_دورہ_تہران
ونزوئیلا کے صدر اپنے دورہ تہران میں ایران کے اعلی حکام سے ملاقات و گفتگو کریں گے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
  • ونزوئیلا کے صدر کا دورہ تہران

ونزوئیلا کے صدر اپنے دورہ تہران میں ایران کے اعلی حکام سے ملاقات و گفتگو کریں گے۔

ونزوئیلا کے صدر نیکلس مادورو نے جمعے سے سعودی عرب، ایران، قطر اور جمہوریہ آذربائیجان کے چار روزہ دورے کا آغاز کیا ہے- انرجی بالخصوص تیل کی منڈی کے حالات کا جائزہ لینا ونزوئیلا کے صدر کے دورے کا اہم مقصد ہے اور اسی بنیاد پر ونزوئیلا کے وزیرپٹرولیئم بھی اس دورے میں ان کے ساتھ ہیں- ونزوئیلا سمیت لاطینی امریکہ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی جملہ پالیسیوں میں سے ہے - ایران اور لاطینی امریکہ کے ممالک کی انقلابی اور سامراج مخالف تاریخ اور ماضی کے ساتھ ہی اقتصادی محرکات بھی دونوں ملکوں کے  تعلقات میں فروغ کا باعث ہیں- ایران نے گذشتہ ستمبر کے مہینے میں ناوابستہ تحریک کی صدارت ونزوئیلا کے حوالے کی ہے- انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے مسائل و مشکلات میں یکجہتی کو مضبوط بنانے اور اوپک میں تیل کی پیداوار سے متعلق پالیسیوں میں یکجہتی پیدا کرنا ایران اور ونزوئیلا کی سفارتی توجہ کا مرکز ہے- ونزوئیلا کے صدر کے دورہ تہران کی اہمیت کو موجودہ حالات میں بین الاقوامی تبدیلیوں کے تناظر اور بڑے مسائل خاص طور پر تیل اور انرجی کی منڈی میں قیمت کے سلسلے میں تعاون و یکجہتی کی ضرورت کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے- اس کے باوجود ونزوئیلا کے صدر کے اس دورے نے کہ جو ایک مہینے پہلے ویانا میں منعقد ہونے والے اوپک اجلاس کے بعد انجام پا رہا ہے، خاص طور سے انرجی کے مسئلے میں سیاسی ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے- تیل کی عالمی منڈی اس وقت دو سال سے زیادہ عرصے سے عدم استحکام کا شکار ہے- تیل کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپک کو سنگین چیلنجوں سے دوچار کر دیا ہے- ونزوئیلا کی حکومت کو معاشی جمود کم کرنے کے لئے تیل کی منڈی میں بہتری کی ضرورت ہے- مادورو اسی سلسلے میں سعودی عرب، ایران، قطر اور جمہوریہ آذربائیجان کے حکام کے ساتھ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے اوپک کے رکن ملکوں کے درمیان ہونے والے حالیہ سمجھوتے کو مضبوط بنانے کے لئے گفتگو کریں گے-

اوپک کے رکن ممالک نے الجزائرمیں گذشتہ ستمبر میں ہونے والے اجلاس میں تیل کی پیداوار تینتیس ملین بیرل سے کم کر کے بتیس ملین پانچ لاکھ  بیرل کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کا تیل کی قیمتوں پر قدرے بہتر اثرپڑا  تاہم گذشتہ دو برسوں کے دوران اوپک کے اس طرح کے کئی اجلاسوں کے انعقاد کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے لئے کوئی راستہ نہیں نکلا-

دو ہزار چودہ میں تیل کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ آنے کے بعد سے ونزوئیلا سے جہاں تک ہو سکا ہے اس نے تیل کی قیمتوں کو استحکام لانے کے لئے اوپک کے رکن ملکوں میں یکجہتی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے- ونزوئیلا کے صدر، اس وقت بھی تیل کی عالمی منڈی میں استحکام لانے کے لئے نیا اتفاق رائے پیدا کرنے اور مشترکہ زمین فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں- مسلمہ امر یہ ہے کہ سعودی عرب کے غیر منطقی اقدامات، تیل کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ آنے کا سب سے بڑا عامل رہے ہیں- سعودی عرب نے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں اقتصادی و معاشی بدحالی سے باخبر ہونے کے باوجود  سیاسی مقاصد کے تحت اوپک کے رکن ممالک کے فیصلوں کی مخالفت جاری رکھی اور اب بھی وہ اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے- سعودی عرب اپنے خیال میں ایران کو نقصان پہنچانے اور تیل کی منڈی سے اپنے حریفوں کو باہر کرنے کے لئے اپنے تیل کو سستے داموں بیچنے میں لگا ہوا ہے اور اپنے کوٹے سے زیادہ تیل پیدا کر کے اس نے تیل کی منڈی میں بے چینی پیدا کردی ہے- ان حالات میں واضح نہیں ہے کہ ونزوئیلا جیسے اوپک کے دوسرے رکن ممالک، سعودی عرب کی جانب سے تعاون کے وعدوں پر کس حد تک اعتماد کریں گے-  تیل کی منڈی میں استحکام  لانے کے لئے گفتگو سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے تاہم اصلی مشکل سعودی عرب کا غیر منطقی رویہ ہے جس میں تبدیلی آنا بہت ضروری ہے اور یہ بعید نظرآتا ہے کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کرنے کی جانب سنجید گی سے مائل ہوگا-