جموں و کشمیر کے عوام کو ہندوستانی فوج کا انتباہ
ہندوستان کی فوج نے اپنے ملک کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کشمیری عسکریت پسندوں کے خلاف فوج کی کارروائیوں میں مداخلت نہ کریں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوج نے ایک بیان میں متنبہ کیا ہے کہ کشمیری عسکریت پسندوں کے فرار میں مدد کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس بیان میں آیا ہے کہ ہندوستان کی سیکورٹی فورسز کی جانب سے کشمیری عسکریت پسندوں کی گرفتاری کی کارروائی کے دوران پولیس کے انتباہ کے باوجود بعض افراد نے پتھراؤ کر کے سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں رخنہ اندازی اور کشمیری عسکریت پسندوں کے فرار میں مدد کی ہے جبکہ سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کے نتیجے میں بارہ سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران کشمیری عوام کے مزاحمتی اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ کشمیری عسکریت پسند، آئی ایس آئی کی مدد سے پاکستان سے ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں داخل ہوتے ہیں جن کا مقصد ہندوستان میں بدامنی پھیلانا ہے۔ جب کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے اس قسم کے الزامات کی ہمیشہ تردید کی جاتی رہی ہے کہ وہ ہندوستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔