ہندوستان کو داعش گروہ سے کوئی خطرہ نہیں، راج ناتھ سنگھ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i228070-ہندوستان_کو_داعش_گروہ_سے_کوئی_خطرہ_نہیں_راج_ناتھ_سنگھ
ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کو داعش سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کو داعش گروہ سے کوئی خطرہ نہیں، راج ناتھ سنگھ

ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کو داعش سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش، ہندوستان کے لئے خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے کسی بھی طرح کے خطرے سے نمٹنے کی پوری توانائی رکھتی ہیں۔

انہوں نے پچھلے دو سال کے دوران ملک میں سیکورٹی کی سطح میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے سیکورٹی اداروں نے حملہ آوروں کو مناسب جواب دے دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رواں سال جنوری کے آغاز میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چھے حملہ اور ہندوستانی فوج کے سات اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

ان حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان طرفہ مذاکرات کا سلسلہ بھی رک گیا تھا جو اب تک بحال نہیں ہو سکا ہے۔

ہندوستان کے سیکورٹی اداروں نے جنوری دو ہزار سولہ کے دوران داعش کے لئے جنگجو بھرتی کرنے کے الزام میں بارہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ پچھلے سال کے دوران ہندوستان میں داعش سے وابستہ تین گروہوں کو تہس نہس کیا جا چکا ہے۔