ہندوستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i233314-ہندوستان_نے_اقوام_متحدہ_کی_رپورٹ_مسترد_کردی
ہندوستان نے اپنے ملک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ شمالی کوریا کے رابطے کے بارے میں، اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

ہندوستان نے اپنے ملک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ شمالی کوریا کے رابطے کے بارے میں، اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک پینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سائنسدانوں نے ہندوستان میں تربیتی پروگراموں میں شرکت کی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اپنی عالمی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔

اس سے قبل ایک عرب ٹیلی ویژن چینل نے بھی اپنی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے مذکورہ پینل کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ شمالی کوریا کے سائنسدانوں نے دہرا دون میں واقع سینٹر فار اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایجوکیشن ان ایشیا اینڈ پیسفک (CSSTEAT) میں ایک تربیتی پروگرام میں شرکت کی ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ، مذکورہ تربیتی پروگرام میں شریک لوگوں کے بارے میں محدود معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تربیتی پروگرام کے موضوعات متعلقہ شعبوں کے بارے میں انتہائی ابتدائی معلومات پر مبنی تھے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان میں قائم یہ ادارہ، اقوام متحدہ کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے ساتھ بھی تعاون کر تا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سینٹر فاراسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایجوکیشن ان ایشیا اینڈ پیسفک (CSSTEAT) ، انیس سو پچانوے میں ہندوستان کے شہر دہرا دون میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک شمالی کوریا سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے متعدد طلبہ اس مرکز میں تربیت حاصل کرچکے ہیں۔