کشمیر میں طاقت کے بے جا استعمال کا الزام
ہندوستان کی پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنما غلام نبی آزاد نے کشمیر میں طاقت کے بے جا استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔
راجیہ سبھا میں کشمیر کے بارے میں مختصر بحث کا آغاز کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کے ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر کل جماعتی کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔
یو این آئی کے مطابق ایوان کے لیڈر ارون جیٹلی نے اپوزیشن پارٹیوں سے کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حقیقی اسباب پر توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حساس مسئلے پر سیاست نہ کریں۔
انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سیکورٹی فورس کو بھی تحمل برتنے کی ضرورت ہے۔
ارون جیٹلی نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ کشمیر کی صورتحال سنگین ہے لیکن اسے معمول پر لانے کے لیے پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر آواز بلند ہونی چاہئے۔